بنگلورو۔(ایس او نیوز) شہر میں آئے دن کھلے عام مہلک ہتھیارات سے حملے اور عوام میں دہشت پیدا کرنے کیلئے بعض سماج دشمن عناصر کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے پولیس کمشنر این ایس میگرک نے شہر کے تمام پولیس تھانوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ اپنی اپنی حدود میں اگر اس طرح کے واقعات پیش آئیں گے تو ان سے نمٹنے کیلئے بلامروت کارروائی کی جائے ۔ آج اس سلسلے میں جاری ایک سرکیولر میں کمشنر نے شہر میں انسداد جرائم کیلئے پولیس فورس کو پوری طرح مستعد رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔اس سے قبل شہر کے تمام اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں کمشنر نے شہر کی صورتحال کا جائزہ لیا اور کہاکہ حالیہ دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں غنڈوں کی طرف سے مبینہ حملوں اور قتل کے واقعات کے ساتھ لوٹ اور ڈکیتی بھی پیش آئی ہے۔ شیواجی نگر، وجئے نگر، راج گوپال نگر، اور اندرا نگر میں غنڈہ عناصر کی طرف سے قتل اور دیگر حملوں کے جو واقعات پیش آئے ہیں اس کی وجہ سے لوگوں میں خوف وہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ان واقعات کی وجہ سے محکمہ¿ پولیس پر عوام کا اعتماد متزلزل ہوچکا ہے۔ سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی میں پولیس افسران کسی طرح کا تذبذب نہ برتیں ، شہر میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے کسی بھی پولیس تھانہ کو جو بھی مدد درکار رہے گی شہر کی پولیس کی طرف سے وہ مہیا کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد جرائم کیلئے سنٹرل کرائم برانچ کواور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ سی سی بی کے ذریعہ شہر میں غنڈہ عناصر کی نقل وحرکت کی سخت نگرانی کرائی جائے گی۔ تاکہ ان کی کسی بھی حرکت سے نمٹنے کیلئے پولیس فورس پوری طرح مستعد رہ سکے۔ میٹنگ میں اڈیشنل کمشنر آف پولیس چرن ریڈی ، ہری شیکھرن ، ہتیندرا ، شرد چندرا ، ڈی سی پی کرائم کوشلائندرا کمار، آنند کمار ، شہر کے تمام پولیس تھانوں کے انسپکٹرس ، سی سی بی کے افسران وغیرہ موجود تھے۔